بیروت (ڈیلی اردو/بی بی سی) اسرائیل کے لبنان پر فضائی حملوں کے نتیجے میں اب تک 356 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ 1240 سے زائد شہری زخمی ہوئے ہیں۔
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں سے مرنے والوں میں 24 بچے اور 42 خواتین بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق پیر کی صبح حزب اللہ کے ٹھکانوں پر فضائی حملوں کے بعد وہ لبنان میں اپنی کارروائی کے اگلے مرحلے کی تیاری کر رہے ہیں۔
کشیدہ صورت حال کے پیش نظر لبنانیوں کی بڑی تعداد نے جنوب کی جانب سے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نےجنوبی لبنان میں حزب اللہ کے اہداف پر اپنے حملوں کو شدید کرنے کا اعلان کیا تھا۔ آئی ڈی ایف کا دعویٰ ہے کہ اس نے لبنان میں 800 اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
اس دوران سب سے زیادہ حملے وادی بقاع میں کیے گئے جس کو اسرائیل حزب اللہ کا گڑھ قرار دیتا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہیگری نے اپنے بیان میں وادی بقاع کے رہائشیوں کو فوری طور پر ان علاقوں کو خالی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسرائیل کو اس بات کا قوی یقین ہے کہ اس علاقے میں حزب اللہ اپنے بڑے ہتھیاروں کا ذخیرہ کر رہی ہے۔
لبنان کے وزیراعظم نے اپنے ملک پر اسرائیل کے حملوں کو ایسا ’تباہ کن منصوبہ‘ قرار دیا ہے جس کا مقصد لبنانی دیہات اور قصبوں کو تباہ کرنا ہے۔
پیر کو لبنان کی کابینہ کے اجلاس کے دوران نجیب میقاتی نے کہا کہ اسرائیل کے اقدامات ’ہر لحاظ سے صفحۂ ہستی سے مٹا دینے والی جنگ‘ جیسے ہیں۔