323

اسرائیلی وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر ڈرون حملہ، حزب اللہ کا نائب کمانڈر ہلاک

تل ابیب (ڈیلی اردو) اسرائیلی فوج کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیلی وزیر اعظم کی رہائش گاہ کو ڈرون حملے سے نشانہ بنانے کی کوشش کے علاوہ بھی درجنوں میزائل داغے ہیں۔

اسرائیلی فوج کے مطابق ہفتے کی صبح دو مختلف واقعات میں لبنان سے شمالی اسرائیل کی جانب تقریباً 55 میزائل داغے گئے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق ہفتے کے روز لبنان سے اسرائیل کی جانب اب تک مجموعی طور پر 100 سے زائد میزائل اور ڈرونز داغے جا چکے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر کو تباہ کر دیا گیا۔

اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز وزیر اعظم ہاؤس کی جانب ایک ڈرون داغا گیا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اسرائیلی حکومت کے مطابق ہفتے کی صبح اسرائیل میں سائرن بجنے لگے اور لبنان کی جانب سے کیے گئے حملے کا انتباہ دیا گیا۔ یہ ایک ڈرون حملہ تھا جس کا نشانہ قیصریہ میں واقع اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کا گھر تھا۔

اسرائیلی حکومت کے ترجمان نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ حملے کے وقت نہ ہی نیتن یاہو اور نہ ہی ان کی اہلیہ گھر پر تھیں اور اس ڈرون حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ترجمان نے تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ ڈرون سے عمارت کو کس نوعیت کا نقصان پہنچا۔ علاوہ ازیں لبنان سے بھیجے گئے دیگر دو ڈرونز کی نشاندہی کر کے انہیں تباہ کر دیا گیا۔

اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے مطابق ایک میزائل کے ٹکڑے لگنے سے ایک اسرائیلی شہری ہلاک ہو گیا۔ مذکورہ شخص کی عمر 50 برس تھی اور وہ شمالی اسرائیل میں اپنی گاڑی میں بیٹھا تھا جب لبنان سے میزائل داغے گئے۔

حزب اللہ نے جمعے کے روز کہا تھا کہ وہ اسرائیل پر گائیڈڈ میزائل اور ڈرونز کے ذریعے مزید حملے کر کے جنگ کا ایک نیا مرحلہ شروع کرنے جا رہی ہے۔

اسرائل نے ہفتے کے روز یہ دعویٰ بھی کیا کہ لبنان کے جنوبی قصبے بنت جبیل میں کیے گئے ایک فضائی حملے میں حزب اللہ کے نائب کمانڈر ناصر رشید کو ہلاک کر دیا گیا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق رشید اسرائیل پر حملوں کی نگرانی کر رہے تھے۔

دریں اثنا لبنان کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ بیروت کی ایک شاہراہ پر ایک گاڑی کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔

دوسری جانب ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے یحییٰ سنوار کی موت کو ’تکلیف دہ نقصان‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سنوار کی موت کے باوجود ’حماس زندہ ہے اور زندہ رہے گی‘۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں