318

اسرائیلی فضائی حملے میں تین لبنانی صحافی ہلاک

لبنان (ڈیلی اردو/ڈی پی اے/اے ایف پی) لبنان کے سرکاری میڈیا این این اے کی اطلاعات کے مطابق جمعرات کی شب جنوب مشرقی لبنان پر ہوئے اسرائیلی فضائی حملے میں تین صحافی ہلاک ہو گئے۔ ایرانی حمایت یافتہ براڈ کاسٹر نے مزید کہا کہ اس علاقے میں اسرائیلی حملوں میں پریس کارکنوں کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا گیا۔

ایران کے حامی ایک اور لبنانی ٹیلی ویژن چینل المیادین نے کہا کہ اس کے کیمرہ مین غسان نجار اور براڈکاسٹ انجینئر محمد ردا اس اسرائیلی فضائی حملے میں مارے گئے، جس میں ”جنوبی لبنان کے علاقے حسبیا میں صحافیوں کی رہائش گاہ‘‘ کو نشانہ بنایا۔

المیادین نے کہا کہ نجار ”ایک ایسا باپ تھا جس نے ایک منصفانہ مقصد کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالی، خود کو سچائی کو ظاہر کرنے کے لیے وقف کیا، اور بے قصور مارا گیا۔‘‘

المیادین نے بدھ کو کہا کہ گزشتہ اسرائیلی حملے میں بیروت میں خالی کیے گئے اس کے ایک دفتر کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ لبنانی عسکریت پسند گروپ حزب اللہ کے زیر انتظام ٹی وی آؤٹ لیٹ المنار نے کہا کہ حسبیا میں اسرائیلی حملے میں اس کا فوٹو گرافر وسام قاسم بھی مارا گیا ہے۔

غزہ میں تقریباً ایک سال سےجاری جنگ کے ساتھ ساتھ اسرائیل نے ایک ماہ قبل اپنی توجہ لبنان کی طرف بڑھا دی تھی اور فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کی اتحادی حزب اللہ کی طرف سے روزانہ ہونے والے حملوں کے خلاف اپنی شمالی سرحد کو محفوظ بنانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

اسرائیل نے لبنان کے ارد گرد حزب اللہ کے مضبوط ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے بڑے پیمانے پر بمباری کی مہم شروع کر رکھی ہے اور 30 ​​ستمبر کو اپنے زمینی دستے بھی جنوبی لبنان میں بھیجے ہیں۔ اس کے علاوہ بیروت کے جنوبی علاقے شویفات العمروسیہ میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے ”دو عمارتوں کو تباہ کر دیا، جس سے بڑے پیمانے پر آگ بھڑک اٹھی اور علاقے پر سیاہ دھواں چھا گیا۔

اسرائیل نے لبنان میں 23 ستمبر سے شدید بمباری کی فضائی مہم شروع کر رکھی ہے اور لبنان کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 1,580 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

صحافیوں کے تحفظ کی بین الاقوامی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے اکتوبر 2023 میں اسرائیل اور حماس کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے غزہ، مغربی کنارے، اسرائیل اور لبنان میں کم از کم 128 صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی ہلاکتوں کو دستاویزی شکل دی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں