299

خیبر: وادی تیراہ میں مارٹر گولے گرنے سے ایک طالب علم ہلاک، 5 شدید زخمی

پشاور (بیورو رپورٹ/ٹی این این) صوبہ خیبر پختون پختونخوا ‏کے قبائلی ضلع خیبر کے دور افتادہ علاقے وادیٔ تیراہ میدان میں مارٹر گولہ گرنے سے ایک طالبعلم ہلاک جبکہ پانچ طلباء شدید زخمی ہوگئے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وادی تیراہ میں سکیورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان شروع ہونے والی جھڑپیں پوری رات جاری رہیں اور دونوں طرف سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق برقمبر خیل میں بچے سکول سے چھٹی کے بعد گھر واپس جا رہے تھے کہ بھوٹان شریف کے مقام پر نامعلوم سمت سے مارٹر گولہ بچوں کے قریب گر کر زور دار دھماکہ سے پھٹ گیا۔ جس سے چھ بچے شدید زخمی ہوگئے۔

مقامی افراد نے بچوں کو اپنی مدد آپ کے تحت تمام زخمی بچوں کو ہسپتال منتقل کر دیا جس میں عابد اللہ نامی بچہ زخموں کو تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں چل بسا۔

مقامی خبر رساں ایجنسی ٹی این این کے مطابق شدید زخمیوں کو پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے اس سے پہلے بھی پیر میلہ کے علاقے میں ڈرون حملے میں 14 بچے شدید زخمی ہوئے تھے جبکہ یہ اسی طرح کا دوسرا واقعہ ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں