22

شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، مزید 4 دہشت گرد ہلاک، 2 زخمی

راولپنڈی (ک م) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سیکیورٹی فورسز نے شدت پسندوں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران 2 کارروائیوں میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کی تجصیل سپن وام میں پہلی کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔

سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی بھی سپن وام میں پاک افغان سرحد کے قریب کی، دہشت گرد افغانستان کی جانب سے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی طرف سے در اندازی کی کوشش کو موثر انداز میں ناکام بنایا۔

آپریشن کے دوران افغانستان سے سپن وام میں در اندازی کرنے والے 2 دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی ہوئے، آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ آج صبح بھی سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں دہشت گردوں کی افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تعداد 10 ہوگئی ہے، جبکہ 8 زخمی ہوئے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں