لاہور (بیورو رپورٹ) لاہور میں انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) نے دھماکہ خیز بارودی مواد برآمدگی کے کیس میں جرم ثابت ہونے پر دو دہشت گردوں کو سزا کا حکم سنا دیا ہے۔
نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے دہشت گرد امین اللہ اور وقار احمد کو سزا کا حکم سنایا، عدالت نے دونوں ملزمان کو 14، 14 سال قید بامشقت کا حکم سنایا۔
عدالت نے ملزموں کی منقولہ و غیر منقولہ تمام جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا، انسداد دہشت گردی عدالت کے جج عرفان حیدر نے فیصلہ سنایا۔
پراسیکیوشن کے مطابق مجرموں سے بارودی مواد برآمد کیا گیا، مجرم مختلف دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہیں۔
پراسکیوشن نے عدالت سے استدعا کی کہ ثبوتوں کو دیکھتے ہوئے مجرموں کو سزا کا حکم دیا جائے، مجرموں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی لاہور میں مقدمہ درج ہے۔