کوئٹہ (نمائندگان ڈیلی اردو) پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل تربت میں بلوچ عسکریت پسندوں نے پولیس چوکی پر حملہ کر کے آگ لگادی۔
تفصیلات کے مطابق موٹرسائیکلوں پر سوار علیحدگی پسند عسکریت پسند تربت شہر کے نواح میں پولیس چیک پوسٹ پر پہنچے اور حملہ کیا، حملہ آوروں نے چوکی پر تعینات پولیس اہلکاروں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا۔
عسکریت پسندوں نے پولیس افسران سے ریڈیو اور دیگر سامان بھی چھیننے کے بعد پولیس چوکی میں توڑ پھوڑ کی اور اسے آگ لگا دی۔
پولیس حکام نے بتایا کہ ’چیک پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ حملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔‘
رپورٹ کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
بعد ازاں سیکیورٹی فورسز نے حملے میں ملوث عسکریت پسندوں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا۔
ادھر کالعدم بلوچ لبریشن آرمی نے دعوی کیا ہے کہ عسکریت پسندوں نے کیچ کے علاقے زامران میں پاکستانی فوج کی ایک گاڑی کو بم دھماکے میں نشانہ بنا کر دو اہلکار ہلاک کردیئے جبکہ گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔