بلوچستان: نوشکی میں شدت پسندوں نے کوئلہ سے لدے 3 ٹرکوں کو آگ لگا دی

کوئٹہ (ڈیلی اردو/بی بی سی) پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد نے معدنیات سے لدے تین ٹرکوں پر حملہ کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نوشکی امجد سومرو نے بتایا کہ حملہ نوشکی شہر سے کچھ فاصلے پر پولیس کی انتظامی حدود میں ہوا۔

ان کے مطابق معدنیات سے لدے تینوں ٹرک چاغی سے کوئٹہ کی جانب جارہے تھے۔ جب یہ ٹرک منگل کی شب نوشکی شہر سے کچھ فاصلے پر پہنچے تو نامعلوم مسلح افراد نے ان پر حملہ کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حملہ آوروں نے دو ٹرکوں کو نذر آتش کیا جس کے باعث انھیں زیادہ نقصان پہنچا ہے۔

اس سے قبل 11 جنوری کو بھی نوشکی کے علاقے بدل کاریز کراس پر نامعلوم افراد نے معدنیات سے بھرے تین ٹرکوں پر حملہ کر کے ان کو نقصان پہنچایا تھا۔

منگل کی شب ہونے والے حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے تاہم 11 جنوری کے حملے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ اس طرز کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اس سے قبل بھی چاغی سے معدنیات لے جانے والی ٹرکوں پر قلات اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں حملے ہوتے رہے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں