ہزارگنجی دھماکا: داعش نے کوئٹہ خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

اسلام آباد (ش ح ط) کوئٹہ کے علاقے میں واقع ہزارگنجی سبزی منڈی پر ہونے والے خودکش حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم داعش نے قبول کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں ہونے والے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

کالعدم تنظیم داعش نے کوئٹہ خودکش حملے کی ذمہ داری ویب سائٹ ’عماق‘ کے ذریعے قبول کر لی ہے اور ویب سائٹ پر خودکش حملہ آور کی تصاویر بھی جاری کردی گئی ہے۔

خودکش حملے میں 20 افراد شہید جبکہ 48 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ شہدا میں سے زیادہ تر کا تعلق شیعہ ہزارہ کمیونٹی سے ہے۔

ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور نے کوئٹہ میں ہزارگنج کے علاقے میں واقع سبزی منڈی میں داخل ہو کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا۔

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں جمعہ کے صبح 9 بجے کے قرہب ہونے والے خودکش بم حملے کی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کر لی ہے۔ اس حملے میں 20 افراد شہید ہوئے تھے جبکہ 48 افراد زخمی بھی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل بھی ہزارہ ٹارگٹ کلنگ اور ہزارہ کمیونٹی پر ہونے والے بم دھماکوں اور خودکش حملوں کی ذمہ داریاں دہشت گرد اور کالعدم تنظمیں داعش، تحریک طالبان پاکستان، حزب احرار، لشکر جھنگوی العالمی اور لشکر جھنگوی قبول کرتے رہے ہیں۔

ادھر کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی کی سبزی منڈی میں پیش آنے والے خودکش حملے کے خلاف ہزارہ قبیلے کے افراد کا دھرنا دوسرے دن بھی جاری ہے، دھرنے کے شرکا کا کہنا تھا کہ مطالبات تسلیم ہونے تک دھرنا جاری رکھا جائے گا۔

اس کے علاوہ سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے کارکنوں نے اس واقعے کے خلاف ملک بھر کے مختلف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

اس واقعے کے بعد ہزارہ کمیونٹی کے افراد اور سول سوسائٹی کی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے کارکنوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا اور مغربی بائی پاس پر ہزارہ ٹاؤن کے قریب دھرنا دیا ہوا ہے جو اب بھی جاری ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں