نئی دہلی (نیوز ڈیسک) ایک صدی قبل برٹش انڈیا کے مشرقی صوبے پنجاب کے شہر امرتسر میں جلیانوالہ باغ میں انگریز فوج کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے واقعے کو 100 سال گزر گئے، اس حوالے سے جائے وقوع پر تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں ہزاروں بھارتی شہریوں، سماجی رہنماؤں اور سیاستدانوں نے شرکت کی یہی نہیں بلکہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے بھی جلیانوالہ باغ کا دورہ کیا اور یادگار پر پھول چڑھائے ،اسی طرح بھارت میں تعینات برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈومنک ایسویتھ نے بھی جلیانوالہ باغ کا دورہ کیا اور یادگار پر پھول چڑھائے،ڈومنک ایسویتھ نے اس موقع پر سانحے کو غلطی قرار دیتے ہوئے اس پر اظہار افسوس بھی کیا اور ساتھ ہی انہوں نے ملکہ برطانیہ کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا،برطانوی ہائی کمشنر کی جانب ملکہ برطانیہ کے پیغام میں بتایا گیا کہ ’تاریخ کو دہرایا نہیں جاسکتا بلکہ اس سے سبق سیکھا جا سکتا ہے۔
بھارتی ریاست پنجاب کے وزیر اعلیٰ سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے بھی جلیانوالہ باغ کا دورہ کیا اور یادگار پر پھول چڑھاتے ہوئے 100 سال پہلے ہونے والے واقعے کو وحشت ناک قرار دیا، تقریب میں شرکت کرنے والے افراد نے ایک بار پھر برطانیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس وحشت ناک واقعے پر باضابطہ طور پر معافی مانگے، عوام کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی جانب سے ’جلیانوالہ باغ سانحے‘ کو صرف افسوس ناک قرار دیے جانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔