ورلڈ کپ 2019 اور دورہ انگلینڈ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کردیا، سرفراز ٹیم کی قیادت کریں گے

لاہور (ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 اور دورہ انگلینڈ کے لیے 15 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ 2019 اور دورہ انگلینڈ کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کردیا، انضمام الحق نے کہا کہ محمد عامر اور آصف علی کو اضافی کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

انضمام الحق نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ہار جیت کا مزہ بھی جانتا ہوں، یہ بات درست ہے کہ عماد وسیم کا فٹنس ٹیسٹ پاس نہیں ہے، گزشتہ چند میچز میں ون ڈے میں ہماری کارکردگی اچھی نہیں رہی، آسٹریلیا سے سیریز ہاری، مگر لڑکوں نے مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ لڑکوں کو آرام دینا تھا یہ سخت فیصلہ کیا تھا، دو ماہ میں 22 میچز کھیلنا پڑیں گے یہ اتنا آسان نہیں ہے۔

ورلڈ کپ اور دورہ انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، عابد علی، بابر اعظم، شعیب ملک، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف، عماد وسیم، حارث سہیل، محمد حفیظ، جنید خان، محمد حسنین شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ کی ورلڈ کپ اسکواڈ میں شرکت فٹنس سے مشروط ہے، محمد عامر اور آصف علی کو اضافی کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

انضمام الحق نے کہا کہ 1992 میرا پہلا ورلڈ کپ تھا اللہ نے اس میں فتح دی، ورلڈ کپ کے لیے یہ میرا پہلا اسکواڈ ہے امید ہے اس میں بھی فتح ملے گی، چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی دلانے والے 11 لڑکے اسکواڈ میں شامل ہیں، انہی لڑکوں کی مدد سے چیمپئنز ٹرافی میں عزت ملی۔

انہوں نے کہا کہ محمد رضوان ہمارا سیکنڈ وکٹ کیپر ہے اس نے اچھی کارکردگی دکھائی ہے، ٹیم میں رہنے والے کھلاڑیوں کو اپنا اسٹینڈرڈ ہائی کرنا پڑے گا، محمد حسنین ہماری طرف سے سرپرائز پیکیج ہے، جو لڑکا 150 کی اسپیڈ سے بالنگ کراسکتا ہے وہ کسی بھی وقت میچ جتا سکتا ہے، محمد حسنین کسی بھی ٹیم کو نقصان پہنچا کر سرپرائز دے سکتا ہے۔

انضمام الحق نے کہا کہ بدقسمتی سے عثمان شنواری کی کارکردگی 1 سال میں اتنی اچھی نہیں رہی، پھر بھی عثمان شنواری کو ساتھ لے کر جارہے ہیں، ٹیم کی سلیکششن ہمارے لیے آسان نہیں تھی.

انہوں نے کہا کہ محمد عامر اور آصف علی دورہ انگلینڈ میں اسکواڈ کا حصہ ہوں گے، ان دونوں کھلاڑیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے ہمارے پاس 23 اپریل تک موقع ہے کہ ہم ورلڈ کپ اسکواڈ میں تبدیلی کرسکتے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں