سعودی عرب میں فورسز کا آپریشن، دہشتگردی کا منصوبہ ناکام،37 افراد گرفتار

ریاض: سعودی عرب میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والے 37 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں دہشت گردی کی منصوبہ کرنے والے 37 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، سعودی پریس ایجنسی کا کہنا ہے کہ گرفتار تمام ملزمان سعودی شہری ہیں۔

سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے سعودی عرب کے پانچ شہروں ریاض، مکہ، مدینہ، الشرقیا اور القاسم عصر سے مطلوب ملزمان کو حراست میں لیا۔

تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزمان کا تعلق مختلف شدت پسند تنظیموں سے بتایا گیا ہے، ملزمان سیکیورٹی فورسز پر حملے میں ملوث ہیں۔

ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جائے گا اور جرم ثابت ہونے پر انہیں موت کی سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ سعودی سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز بھی دہشت گردی کے الزام میں 13 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، گرفتار ہونے والے ملزمان بھی مقامی شہری تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی سیکیورٹی فورسز نے ریاض کے شمالی علاقے الزلفی میں قائم پولیس تھانے پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔

بین الاقوامی طور پر دہشت گرد قرار دی جانے والی عسکری تنظیم داعش نے گزشتہ روز سعودی عرب میں سیکیورٹی فورسز کی عمارت پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

حملے کے بعد داعش سے تعلق رکھنے والی نیوز ایجنسی عماق نے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں حملہ آوروں کو شہید قرار دیا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں