لندن (ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم ممکنہ طور پر اس سال جون کے ایک ہی ہفتہ میں لندن کا دورہ کریں گے جبکہ برطانوی حکام دونوں کے درمیان ملاقات کا انتظام کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ روزنامہ جنگ کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان ممکنہ طور پر لندن کا سہ روزہ دورہ کریں گے اور کم از کم دو میچز میں پاکستانی ٹیم کو کھیلتے ہوئے دیکھیں گے۔ وزیراعظم ہائوس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی حتمی پلان نہیں ہے مگر جون میں لندن کا دورہ وزیراعظم کے منصوبہ کا حصہ ہے۔ یہ خیال ظاہر کیا جاتا ہے
کہ برطانوی حکومت کے ذمہ داران اس بات میں دلچسپی رکھتے ہیں کہ دونوں ممالک گفتگو کا آغاز کریں اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائیں، جس میں مقامی کشمیری نوجوانوں کی جانب سے پلوامہ میں حملے اور پاکستان پر بھارتی فضائی حملے کے بعد اضافہ ہوگیا تھا۔ یادرہے کہ پلوامہ میں بھارتی فوج پر حملے کے بعد بھارتی فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی اور بالاکوٹ کے مقام پر جنگل میں پے لوڈ گرایا تھا جس کے بعد اعلان کرکے پاک فضائیہ کے طیارے بھارتی فضائی حدود میں داخل ہوئے اور ہدف کو نشانہ بنانے کے بعد واپسی پر بھارت کے 2 طیارے بھی تباہ کیے ، ایک مگ 21 پاکستان کی حدود میں گرا جس کا پائلٹ ابھی نندن زندہ پکڑا گیا ، اسے دودن بعد پاکستان نے واہگہ بارڈر کے راستے بھارتی حکام کے حوالے کردیا تھا تاہم اس کے باوجود بھی ایل او سی پر دونوں ممالک کے درمیان صورتحال کشیدہ رہی اور تقریباً دو ہفتے فضائی حدود بھی بند رہی جس کی وجہ سے معیشت کو بھی کافی نقصان ہوا تاہم بھارت میں الیکشن کی وجہ سے بدستور صورتحال خراب ہونے کا خدشہ موجود ہے ۔