کولمبو (ویب ڈیسک) سری لنکن آرمی چیف کا کہنا ہے کہ ایسٹر کے موقع پر دھماکوں میں ملوث دہشت گردوں نے بھارت میں تربیت حاصل کی تھی۔
سری لنکا کے آرمی چیف لیفٹننٹ جنرل مہیش جنرل سینانائک نے غیر ملکی خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایسٹر کے موقع پر خودکش حملوں میں ملوث افراد نے کشمیر، بنگلور اور کیرالہ کی ریاستوں کا سفر کیا، ہمارے پاس اب تک یہی معلومات موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حملے کے طریقے کار اور نشانہ بنائی جانے والی جگہوں کو دیکھتے ہوئے اس میں بیرونی عناصر ملوث تھے یا ہدایات موصول ہو رہی تھیں۔ انکا کہنا تھا کہ فوجی انٹیلی جنس مختلف پہلووں کو دیکھنا چاہتی ہے جبکہ دیگر دوسری سمت جانا چاہتے ہیں اسی میں ایک خلا تھا جس کو آج سب دیکھ سکتے ہیں۔
سری لنکا کے آرمی چیف نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ ہر وہ شخص جو انٹیلی جنس کے حصول، اس منصوبہ بندی اور قومی سلامتی کا ذمہ دار تھا ان پر الزام ہوگا جس میں سیاسی قیادت بھی شامل ہے۔
سری لنکن آرمی چیف لیفٹننٹ جنرل مہیش جنرل سینانائک نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں کے دوران بہت زیادہ آزادی اور امن تھا اور لوگ یہ بھول گئے کہ پچھلے 30 برسوں میں کیا ہوا تھا اسی طرح لوگ امن سے مستفید ہورہے تھے اور سلامتی کو نظر انداز کر بیٹھے تھے۔
واضح رہے کہ 21 اپریل کو سری لنکا میں ایسٹر کے دن ہونے والے خودکش دھماکوں میں 349 افراد ہلاک اور پانچ پاکستانی خواتین سمیت 500 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ 8 خودکش دھماکوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔