ماسکو (ڈیلی اردو) روس کے دارالحکومت ماسکو کے شیرمیٹیوووا ہوائی اڈے پر مسافر بردار طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد آتشزدگی کے نتیجے میں کم سے کم 41 افراد ہلاک جبکہ 17 زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق طیارے میں 78 افراد سوار تھے جن میں سے 37 کو بچا لیا گیا۔
سوشل میڈیا پر دکھائی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسافروں نے آئرفلوٹ نامی جلتے جہاز سے نکلنے اور بھاگنے کے لیے ہنگامی راستے سے نکلنے والی سلائیڈز کا استعمال کیا۔
روس کی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو بچے اور فلائٹ اٹينڈینٹ بھی شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق طیارے میں 78 افراد سوار تھے جن میں سے 37 کو بچا لیا گیا۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ طیارے میں آگ کیسے لگی اور اسے ہنگامی لینڈنگ کیوں کرنا پڑی۔
انٹرفیکس نیوز ایجنسی کے مطابق جہاز کے عملے نے ماسکو کے شیرمیٹیوو ہوائی اڈے سے روانگی کے تھوڑی ہی دیر بعد سخت خطرے کے سگنلز جاری کیے۔
اطلاعات کے مطابق مسافر طیارہ ہنگامی لینڈنگ کی پہلی کوشش میں ناکام رہا۔
ٹریکنگ کی ویب سائٹ فلائیٹ ریڈار 24 سے حاصل ہونے والے ڈیٹا نے مسافر طیارے کے اڑان بھرنے کے 30 منٹ بعد اس کے ہنگامی لینڈنگ کرنے کی تصدیق کی ہے۔
روس کے قومی کیریئر ایرروفلوٹ نے کہا ہے کہ ہوائی جہاز کو ’تکنیکی وجوہات‘ کی بنا پر واپس آنے پر مجبور کیا گیا لیکن اس کی وضاحت نہیں دی گئی۔