برونائی میں ہم جنس پرستی پر سنگساری کی سزا معطل

مالے (ویب ڈیسک) برونائی میں حال ہی میں نافذ کی گئی ہم جنس پرستی پر سنگساری کی سزا کو معطل کر دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برونائی کے سلطان حسن البلقیہ نے اپنے ٹیلی وژن خطاب میں ہم جنس پرستوں اور غیر ازدواجی جنسی تعلقات کے لیے حال ہی میں مقرر کی جانے والی سنگساری کی سزا کو معطل کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد کو روکنے کا اعلان کیا ہے۔

سلطان حسن البلقیہ نے مزید کہا کہ ان سزاؤں کے نفاذ اور عمل درآمد پر بہت سے سوالات اٹھے اور غلط فہمیاں پیدا ہوئیں جس کے باعث ان سزاؤں پر عمل درآمد کو روک دیا گیا ہے، مزید مشاورت کے بعد اس حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد بے گناہوں کو سزا سے بچانے اور ریاست کو حدود سے تجاوز کو روکنے کیلیے کیا گیا ہے۔

اقوامِ متحدہ نے اس قانون کو ’ظالمانہ اور غیرانسانی‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ حقوقِ انسانی کے تحفظ کے سلسلے میں بڑا دھچکا ہے جب کہ انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی اس سزا پر سخت احتجاج کیا تھا اور کئی ممالک نے برونائی سے تعلقات ختم کرنے کی دھمکی دی تھی۔

واضح رہے کہ برونائی میں اپریل کے آغاز میں ہی سخت شرعی قوانین کے نفاز کا اعلان کیا گیا تھا، جس میں چوروں کے ہاتھ کاٹنے سمیت ہم جنس پرستوں کے لیے سنگساری کی سزا مقرر کی گئی تھی، قبل ازیں ہم جنس پرستی پر 10 سال قید کی سزا دی جاتی تھی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں