بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کی حکومت نے پاکستانی لڑکیوں کی چینیوں سے شادیوں اور جسم فروشی کے لئے چین اسمگلنگ کی خبروں کا نوٹس لے لیا۔
چینی وزارت خارجہ نے پاکستانیوں اور چینیوں کے رشتے کرانے والے ’’غیر قانونی اداروں‘‘ سے ہوشیار رہنے کی ہدایت کردی۔
چینی وزارت خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ لوگ ایسے عناصر کے ہاتھوں بے وقوف نہ بنیں۔ دھوکہ دہی سے ہونیوالی شادیوں سے باز رہیں۔
چین نے تحقیقات کے لئے پاکستانی اداروں سے تعاون کا بھی اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب شادی کا جھانسہ دیکر جسم فروشی کرانے کی غرض سے پاکستانی لڑکیوں کو دھوکا دینے والے چینیوں کا اسکینڈل مزید آگے بڑھ گیا۔
آج مزید 15چینی باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ دو پاکستانی لڑکیاں بازیاب کرائی گئیں۔
گزشتہ روز بازیاب کرائی گئی دو کرسچن اور ایک مسلمان لڑکی والدین کے حوالے کردی گئیں۔ لڑکیوں کا تعلق لاہور،شیخوپورہ اورفیصل آباد سے تھا۔
مبینہ پاکستانی سرغنہ سمیت 7 چینی ملزمان لاہور سے فیصل آباد منتقل کردیا گیا۔ مبینہ سرغنہ انس بٹ کا کہنا ہےکہ وہ صرف چینی مترجم اور کوآرڈی نیٹر ہے، کسی غلط کام میں ملوث نہیں، وہ محض ایونٹ مینجمنٹ کرتا ہے۔