میکسیکوسٹی (این ین آئی)میکسیکو کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی شہرلاس ویگاس سے میکسیکو آنے والا ایک نجی ہوائی جہاز شمالی شہر مانٹیری کے قریب گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار تمام مسافر ہلاک ہوگئے۔ یہ طیارہ لاس ویگاس سے مونٹیری کے لیے روانہ ہوا مگر کچھ دیرکے بعد راڈار سے ٍغائب ہوگیا تھا۔ تباہ ہونے والے طیارے کا ملبہ تلاش کرلیا گیا ہے۔
چھوٹے نجی طیارے پر 11 مسافر اورعملے کے تین افراد سمیت 14 افراد سوار تھے۔میکسیکو کی ریاست کواھویلا کے ایمرجنسی شعبے کے عہدیدار فریناڈو اورٹا نے بتایا کہ تباہ ہونے والے طیارے کا ملبہ ہوائی جہاز کی مدد سے تلاش کیا گیا ہے۔ یہ طیارہ سرحدی ریاست کے شہر مونکولفا کے شمال مغرب میں 208 کلومیٹر دور گر کر تباہ ہوگیا۔