اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ گوادر کے فائیو اسٹار ہوٹل پر ہونے والا حملہ پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچانے کے لیے کیا گیا۔
وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایسی مذموم کارروائیاں بالخصوص بلوچستان میں ہونے والے دہشت گرد حملے اس علاقے کی ترقی اور یہاں جاری منصوبوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے۔
انہوں نے دہشت گردوں کے ایجنڈے کو ناکام بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
دوسری جانب پاکستان میں چینی سفارتخانے کی جانب سے بھی گوادر ہوٹل حملے کی شدید مذمت کی گئی۔
Chinese Embassy strongly condemns terrorist attack on PC Hotel in Gwadar. The heroic action of Pakistani Army & law enforcement agencies is highly appreciated. We express condolences to the families of the security guard who sacrificed his life &two security men who were injured.
— Chinese Emb Pakistan (@CathayPak) May 11, 2019
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں چینی سفارتخانے نے گوادر میں ہوٹل پر ہونے والے حملے کو پسپا کرنے کے لیے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دلیرانہ کارروائی کو قابل تحسین قرار دیا۔
ترجمان چینی سفارتخانے کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے جرات مندانہ اقدام کو سراہتے ہیں اور حملے میں شہید سیکیورٹی گارڈ کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہوٹل کا سرچ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے حملے میں ایک نیوی اہلکار سمیت 5 شہری شہید اور 6 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ہلاک ہونے والے تنیوں دہشت گردوں کو شناخت کے لیے لاشوں کو تحویل میں لے لیا ہے۔
پاک فوج کا کہنا تھا کہ حملے میں زخمی ہونے والوں میں فوج کے 2 کیپٹن، 2 نیوی اہلکار اور ہوٹل کے 2 ملازمین شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کا مقصد ہوٹل میں موجود مہمانوں کو یرغمال بنانا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے نیوی کے اہلکار کی شناخت عباس خان کے نام سے ہوئی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے آپریشن پر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرنے پر میڈیا کے کردار کو سراہا اور کہا کہ لائیو اپ ڈیٹ کی وجہ سے دہشت گردوں کو فائدہ پہنچتا ہے اور آپریشن میں بھی رکاوٹیں آتی ہیں۔
قبل ازیں ہفتے کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ 4 دہشت گردوں نے زبردستی پرل کانٹیننٹل ہوٹل میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی، ہوٹل کے مرکزی گیٹ پر گارڈ نے دہشت گردوں کو روکا تو انہوں نے فائرنگ کرکے گارڈ کو شہید کر دیا۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ فورسز نے ہوٹل کو گھیرے میں لے کر اندر موجود افراد کو باحفاظت باہر نکال لیا اور دہشت گردوں کی ہوٹل کی بالائی منزل تک جانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔