تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے ایک سرکردہ عالم دین نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کے طیارہ بردار بحری بیڑے کو تو صرف ایک میزائل سے تباہ کیا جاسکتا ہے۔
انھوں نے اپنے جمعہ کے خطبہ میں یہ دعویٰ امریکا کے طیارہ بردار بحری بیڑے ابراہام لنکن کی مشرقِ اوسط کی جانب آمد کی اطلاع کے بعد کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی قیادت کے دھمکی آمیز بیانات کے ردعمل میں یہ بحری بیڑا بھیجا ہے اور یہ جمعرات کو مصر کی نہر سویز سے گذرا تھا۔
ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی ایسنا کے مطابق آیت اللہ یوسف طباطبائی نژاد نے وسطی شہر اصفہان میں تقریر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ اربوں ڈالر مالیت کے بیڑے کو صرف ایک میزائل سے تباہ کیا جاسکتا ہے‘‘۔
دریں اثناء امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اگر ایران نے کوئی حملہ کیا تو اس کے ردعمل میں امریکا فوری اور فیصلہ کن ردعمل ظاہر کرے گا۔
انھوں نے کہا کہ ’’ تہران میں رجیم کو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ امریکی مفادات یا شہریوں کے خلاف اس کے یا اس کے کسی گماشتہ گروپ کے حملے پر فوری اور فیصلہ کن ردعمل ظاہر کیا جائے گا‘‘۔
امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے گذشتہ اتوار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے ایران کی دھمکیوں اور پریشان کن اشاروں کے ردِعمل میں طیارہ بردار بحری بیڑے کو مشرقِ اوسط میں لنگر انداز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے امریکا یہ بھی ظاہر کردے گا کہ وہ کسی بھی حملے کا تباہ کن طاقت سے جواب دے گا