تہران (ویب ڈیسک) ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران عظیم تر ہے، اس کو ڈرایا دھمکایا نہیں جاسکتا۔
تفصیلات کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان تنازعہ شدت اختیار کرچکا ہے، دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے پر سنگین الزامات عائد کیےجارہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ عظیم تر ہے اور اس کو کوئی ڈرا دھمکا نہیں سکتا، ہم اس مشکل دور کو بھی وقار سے گزار لیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ صورت حال میں ہمارے سر فخر سے بلند ہوں گے اور دشمن کو شکست ہوگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی حکومت کی سرکاری ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا کہ صدر حسن روحانی سنی علماء سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔
انھوں نے کہا کہ ان شاءاللہ ہم اس مشکل دور کو بھی وقار سے گزار لیں گے ،ہمارے سر فخر سے بلند ہوں گے اور دشمن کو شکست ہوگی۔
دوسری جانب امریکی فوج نے ایران کے ساتھ کشیدگی اور ممکنہ محاذ آرائی کے خدشے کے پیش نظر بی52 جنگی طیاروں کے بعدایف 15 اور ایف 35 جہاز بھی خلیجی ملکوں کے اڈوں پر پہنچا دیئے ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی فضائیہ کی جانب سے قطر میں موجود امریکی فوجی اڈے پر بی 52 ایچ طیاروں کی موجودگی کی تصاویر جاری کی گئی تھیں۔
امریکی فضائیہ کا کہنا تھا کہ بمبار طیارے جنوب مغربی ایشیائی ملکوں میں بھی پہنچ گئے ہیں تاہم ان کے ٹھکانوں کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔