امریکا ایران کشیدگی: شاہ سلمان نے خلیج کونسل اور عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس طلب کرلیے

ریاض (نیوز ڈسیک/ نیوز ایجنسی) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خطے کی تازہ صورت حال کے تناظر اور خلیج کو درپیش خطرات کے تدارک کے لیے خلیج تعاون کونسل اور عرب لیگ کا اجلاس طلب کرلیا

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سعودی عرب اور امارات پر حملوں کے واقعات اور آئندہ کے لیے خلیجی ملکوں پر جارحیت کی روک تھام کے لیے خلیجی اور عرب سربراہ کانفرنس منعقد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 30 مئی کو عرب لیگ اور خلیجی ممالک کی سربراہ کانفرنس کے بعد 31 مئی کو اسلامی سربراہ کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تینوں سربراہ اجلاس کی میزبانی سعودی عرب کرے گا جو مکہ معظمہ میں منعقد کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ خلیج ممالک اور پورا مشرق وسطیٰ اس وقت سخت کشیدگی کی لپیٹ میں ہے، امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی نے خطے میں ایک نئی جنگ کی کیفیت پیدا کردی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل متحدہ عرب امارات کی الفجیرہ بندرگاہ کے قریب دو سعودی، ایک اماراتی اور ایک نارویجن بحری جہاز پر حملے کیے گئے تھے، اس کے بعد سعودی عرب میں تیل پائپ لائنوں کو اڑانے کے لیے ڈرون سے حملہ کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ سعودی وزیر مملکت عادل الجبیر نے کہا تھا کہ ان کا ملک خطے میں جنگ نہیں چاہتا تاہم دوسرے فریق نے اگر جنگ کی راہ اختیار کی تو سعودی عرب اس جارحیت کا بھرپور طاقت سے جواب دے گا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں