مظفر آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ بھارت پوری مقبوضہ وادی کو قبرستان میں تبدیل کرنا چاہتا ہے لیکن کشمیریوں نے جنگ آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کرلیا ہے، 5 فروری کو بھرپور طریقے سے منایا جائے تاکہ مثبت پیغام جائے۔
تفصیلات کے مطابق مظفرآباد میں وزیراعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے یوم سیاہ کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے کہا بھارت کابھانڈااقوام متحدہ کی رپورٹ نے پھوڑ دیا، سرحد کےقریب شہری آبادی پر فائرنگ بھارت کامعمول ہے، حکومت پاکستان کشمیر کے معاملے پر سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لے۔
وزیراعظم آذاد کشمیر فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے جنگ آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ کرلیا ہے، پاکستان مسئلہ کشمیرکا بنیادی فریق ہے ،سلامتی کونسل میں پھر لے جائے ، حکومت پاکستان تمام سیاسی جماعتوں پرمشتمل وفود بیرون ممالک بھیجے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر بھارت پوری مقبوضہ وادی کو قبرستان میں تبدیل کرنا چاہتا ہے، گزشتہ سال بھارت نے آپریشن آل آؤٹ کے نام پر لوگوں کو مارا ، 5 فروری کو بھرپور طریقے سے منایا جائے تاکہ مثبت پیغام جائے، پوری دنیا میں کشمیریوں کوبھی اس دن اکٹھا ہوکرمظاہرہ کرناہوگا۔
خیال رہے کشمیری عوام بھارت کا یوم جمہوریت بطوریوم سیاہ منا رہے ہیں، مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے، تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز، ٹرانسپورٹ بند ہے جبکہ کشمیریوں کو احتجاجی ریلیوں سے روکنے کے لئے گلی گلی بھارتی فوجی تعینات کردئیے گئے ہیں اور موبائل اورانٹرنیٹ سروس بھی بند ہے۔ حریت رہنما یاسین ملک کو مظاہرے میں شرکت سے روکنے کے لئے گرفتارکرلیا گیا ہے۔
کشمیری رہنماؤں علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے بھارتی دہشت گردی کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔