نئی دہلی (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں اپنا ہی ہیلی کاپٹر مار گرانے والے بھارتی فضائیہ کے اعلیٰ افسر کو عہدے سے برطرف کر دیا گیا، افسر پر کرمنل کیس بھی چلایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا نے خبر دی ہے کہ بھارتی فضائیہ نے سرینگر ائیر بیس کے ائیر آفیسر کمانڈنگ (AOC) کو بر طرف کر دیا ہے، افسر کو مجرمانہ قتل کے چارجز کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔
خیال رہے کہ 27 فروری کو ایئر بیس سری نگر نے فرینڈلی فائر میں میزائل سے اپنا ہی Mi-17 ہیلی کاپٹر مار گرایا تھا، ہیلی کاپٹر میں سوار 6 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔
کیس کی تحقیقات کے لیے کورٹ آف انکوائری جاری ہے، ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ یہ واقعہ اس لیے پیش آیا کہ سری نگر ایئر بیس نے ہیلی کاپٹر کو دشمن کا سمجھ لیا تھا۔
اس واقعے میں نہ صرف بھارتی فضائیہ کے چھ اہل کار ہلاک ہوئے تھے بلکہ ایک مقامی نوجوان بھی جاں بحق ہو گیا تھا۔
خیال رہے کہ بڈگام میں یہ ہیلی کاپٹر اسی دن گرایا گیا تھا جب ایک بھارتی پائلٹ نے پاکستان کی فضائی حدود پار کرنے کی جرأت کی تھی اور نتیجے میں پاک فضائیہ کے ہاتھوں اس کا طیارہ تباہ کر دیا گیا اور وہ گرفتار ہوا۔