مکہ المکرمۃ (ویب ڈیسک) امام کعبہ اور حرمین شریفین امور کے سربراہ عبدالرحمان السدیس نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی شہروں پر کیے جانے والے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ حرکت قرار دے دیا۔
اپنے ایک بیان میں امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کا کہنا تھا کہ یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے جدہ اور طائف پر ڈرون حملے کیے گئے جو قابلِ مذمت ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ سعودی عرب پر باغیوں کا حملہ بزدلانہ اور گھٹیا سوچ کی عکاسی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی شہروں پر ماہِ صیام جیسے بابرکت مہینوں میں حملوں کی کوشش کی گئی جس سے یہ بات واضح ہوگئی کہ حملہ آور دین سے نابلد اور عقل سے پیدل ہیں۔
امام کعبہ کا کہنا تھا کہ طائف اور جدہ پر حملے حوثی باغیوں کی طاغوتی سوچ کا مظہر اور جارحیت ہے۔ انہوں نے سعودی محکمہ دفاع کو حملوں کی سازش ناکام بنانے پر بھی مبارک باد پیش کرتے ہوئے بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔
عبدالرحمان السیدیس کا کہنا تھا کہ سعودی مملکت کی سرحدوں کے محافظ دشمنوں کی گھات میں ہیں اور وہ باغیوں کی چالوں کو ناکام بناتے رہیں تے، انشاء اللہ حوثیوں کی اپنی ہی سازشیں اُن کی تباہی اور بربادی کا باعث بنیں گی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل سعودی عرب کے دو شہروں پر حوثی باغیوں کی جانب سے بزدلانہ حملے کرنے کی کوشش کی گئی تھی جس کی پاکستان سمیت عرب لیگ نے شدید الفاظ میں مذمت کی اور تمام ممالک نے حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے سعودی حکومت کو غیر مشروط تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔