سعودی عرب: اتحادی فورسز نے نجران میں حوثیوں کا ڈرون طیارہ مار گرایا

ریاض (ویب ڈسیک) سعودی عرب کے محکمہ دفاع کے حکام نے سرحدی علاقے نجران کی فضاء میں یمن کے حوثی باغیوں کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ دفاع کے حکام نے یمن کی سرحد سے متصل علاقے نجران میں ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا تاہم اس کارروائی کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوںً کی طرف سے نجران میں حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ حوثی ملیشیا سعودی عرب کے اندر دہشت گردانہ کارروائیاں کرنے اہم تنصیبات کو تباہ کرنے اور شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنے پالیسی پرعمل پیرا ہے۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل سعودی عرب کی فضائی دفاعی افواج نے طائف کی فضاؤں میں حوثیوں کے داغے گئے میزائلوں کو مار گرایا تھا۔

عرب اتحادی فورسز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ بیلسٹک میزائل یمنی حوثیوں کی جانب سے داغا گیا تھا جنہیں ایران کی حمایت حاصل ہے۔

عرب اتحاد کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے شہر نجران میں بھی دھماکا خیز مواد کے حامل ڈرون طیارے کے ذریعے ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنانے کی کوششش کی، اس مقام کو سعودی شہری اور غیرملکی مقیم افراد استعمال کرتے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں