اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان سے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں پاک ایران دو طرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاک ایران دو طرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی۔
اس سے قبل ایران اور پاکستان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے تھے۔ مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ایرانی وفد کی قیادت ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کی۔
دوران مذاکرات باہمی تعلقات اور علاقائی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ مذاکرات میں حالیہ دورہ ایران میں طے پانے والے فیصلوں پر عملدر آمد پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ معاملات پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں۔ پاکستان تمام تصفیہ طلب امور کے سفارتی سطح پر حل کا حامی ہے۔
خیال رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف آج صبح پاکستان پہنچے ہیں۔ اپنے دورہ پاکستان کے دوران وہ سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ملاقات میں پاک ایران تعلقات، امریکا، ایران کشیدگی، مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ وزیر اعظم کے دورہ ایران کا فالو اپ ہے، دورے میں دو طرفہ مسائل کے حل باالخصوص سرحد کے سیکیورٹی کے امور زیر غور آئیں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ پاکستانی قیادت سے علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی بات چیت کریں گے۔