واشنگٹن (ویب ڈیسک) ایران سے شدید کشیدگی کے باعث امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملکی فوج کو مشرقی وسطیٰ بھیجنے کی منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ڈیڑھ ہزار کے قریب امریکی فوجی جنگی ساز وسامان، ہیلی کاپٹر، پیٹریاٹ میزائل اور طیاروں کے ساتھ مشرقی وسطیٰ پہنچیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اس امر کی امریکی وزیردفاع نے تصدیق کردی ہے، حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد خطے کی حفاظت اور ممکنہ خطرات سے نمٹنا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق یہ ایک محتاط دفاعی اقدام ہے جس کا مقصد مستقبل میں اشتعال انگیزیوں سے بچنا ہے، ہماری فورسز کے تحفظ کو بہتر بنانا اور ایرانی فورسز کی طرف سے موجود خطرے کے خلاف امریکی فورسز کی حفاطت کو یقینی بنانا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا رواں ماہ اپنا طیارہ بردار بحری بیڑا یو ایس ایس ابراہام لنکن بھی مشرق وسطیٰ میں تعینات کرچکا ہے جبکہ قطر میں قائم امریکی فوجی اڈے پر جدید بمبار طیارے بی 52 بھی پہنچا دیے تھے۔
دوسری جانب سپاہ پاسداران کے مرکزی رہنما علی فدوی نے دوٹوک موقف اختیار کیا ہے کہ ایران کا آبنائے ہرمز کے شمال میں مکمل کنٹرول ہے اور تشویش کی کوئی بات نہیں۔
خلیج میں امریکی بحری جہاز ایران کے کنٹرول میں ہیں، پاسداران انقلاب
علی فدوی کا کہنا تھا کہ خطے میں امریکی جنگی بحری جہاز مکمل طور پر ایرانی فوج اور پاسداران انقلاب کے کنٹرول میں ہیں۔
خیال رہے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان کچھ عرصہ قبل تناؤ میں اس وقت اضافہ ہو گیا جب امریکا کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا کہ وہ ایرانی دھمکیوں پر روک لگانے کے لیے مشرق وسطی میں اپنے عسکری وجود میں اضافہ کر رہا ہے۔