اسلام آباد + لاہور (ڈیلی اردو) وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ موبائل فون رجسٹریشن کیلئے تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی، پندرہ فروری کے بعد تمام غیر رجسٹرڈ موبائل فون بلاک کردئیے جائیں گے، موبائلز کو رجسٹر کرانے کے لئے آن لائن موبائل اپلیکیشن بھی متعارف کرا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کسٹم ڈے پر پاکستان کسٹم کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں مہمان خصوصی وزیرمملکت میاں حماد اظہر نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا کسٹم کے افسرسول سروس میں سب سےقابل افسرہیں، وزیراعظم نےکسٹم میں میرٹ پر مزید بھرتیوں کی اجازت دی ہے۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں ریونیو کی شرح میں اضافہ ہوگا، امپورٹ اور ایکسپورٹ پر پاکستان کی معیشت کا انحصار ہے، پاکستان میں امپورٹ ایکسپورٹ میں کسٹم کا کردار اہم ہے۔
وزیر مملکت نے کہا اسمگلنگ کی وجہ سے بہت سے کاروبار بند ہوئے، حکومت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے پر کام کر رہی ہے، ایف بی آر میں بھی اصلاحات لے کر آ رہے ہیں، آنے والا وقت پاکستان میں اسمگلنگ فری دور ہو گا۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ موبائل فون رجسٹریشن کیلئے تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی، پندرہ فروری کے بعد تمام غیر رجسٹرڈ موبائل فون بلاک کر دئیے جائیں گے، موبائلز کو رجسٹر کرانے کیلئے آن لائن موبائل اپلیکیشن بھی متعارف کرارہے ہیں تاکہ لوگوں کو قطاروں میں نہ لگنا پڑے۔
وزیرِ مملکت نے ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکالے جانے کی امید ظاہر کر دی۔
کسٹم حکام نے وزیر مملکت اور میڈیا کی موجودگی میں واہگہ باڈر پر 27 ٹن چائے، ایک ہزار کارٹن سگریٹ، 500 بیگ گٹکا، ایک ہزار کلو کھانے پینے کی اشیاء، پانچ سو کاٹن ٹافی اور چاکلیٹس، 10 ہزار کلو بیج اور پانچ ہزار کلو مختلف اشیاء نذر آتش کیں جبکہ کسٹم حکام نے چھ ہزار سے زائد شراب کے بوتلیں بھی تلف کیں۔