پاراچنار (محمد صادق) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی الٹنے سے دو اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں
تفصیلات کے مطابق ضلع کرم کے وسطی کرم کے علاقے زاڑہ میلہ میں ایف سی کی گاڑی الٹنے کے نتیجے میں تین ایف سی اہلکار شہید دو زخمی ہوگئے ، زخمی ہسپتال منتقل کردیے گئے۔
نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق وسطی کرم کے علاقے زاڑہ میلہ میں ایف سی کی گاڑی معمول کی گشت پر تھی کہ تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں دو ایف سی اہلکار ذوالفقار حسین ملانہ اور بشیر حسین شلوزان موقع پر شہید ہوگئے جبکہ تین ایف سی اہلکار لانس نائیک یعقوب زدران، لانس نائیک حمید حسین اور سپاہی ایران گل زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال صدہ منتقل کردیا گیا جہاں پر لانس نائیک یعقوب زدران زخموں کی تاب نہ لا کر شہید ہوگئے۔
شہید ہونے والے اہلکاروں کی نماز جنازہ ایف سی گراؤنڈ پاراچنار میں ادا کردی گئی نماز جنازہ میں جی او سی اسد نواز خان فوجی اور سول آفیسرز کے علاؤہ کثیر تعداد میں قبائلی عمائدین نے شرکت کی بعد ازاں شہدا کی میتوں کو ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی اور انہیں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔