اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے سخت جدوجہد کے بعد پاکستان کی تیار کردہ سائیکل خرید لی۔
تفصیلات کے مطابق سیاحت کے شوقین اور پاکستان کا مثبت چہرہ متعارف کرانے میں پیش پیش رہنے والے جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے پاکستان میں تیار کردہ سائیکل خرید لی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے کہا کہ اف کیا مشکل انتخاب کا دن تھا، پاکستان میں تیار کردہ سائیکل لینا چاہی تو یہ تلاش کرنا مشکل تھی، تمام غیرملکی تیار شدہ سائیکل ہی نظر آئیں۔
مارٹن کوبلر نے کہا کہ آخرکار راولپنڈی میں سائیکل مل گئی، پھر سہراب یا پیکو کے درمیان پھنس گیا؟ آخر میں یہ سرخ رنگ والی خرید لی، جس میں گھنٹی بھی ہے۔
جرمن سفیر نے پاکستانی عوام سے سوال بھی کیا کہ ’آپ لوگوں کو میری سائیکل کیسی لگی؟‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز جرمن سفیر مارٹن کوبلر اسلام آباد کی پناہ گاہ پہنچے اور بے گھر افراد کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔
مارٹن کوبلرکا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں پناہ گاہ دیکھنے گیا، یہاں کے اسٹاف کا کام قابل تعریف ہے لیکن ایسے بہت سے لوگوں کو دیکھ کر دکھ ہوا جو کھانا خرید نہیں سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ بے گھر افراد کے ساتھ آلو انڈہ کھایا اور ان کی ہلا دینے والی کہانیاں سنیں، انہوں نے سوال کیا کہ ایک شخص 400 روپے دیہاڑی سے 6 سے 8 لوگوں کے خاندان کی کفالت کر سکتا ہے؟