13

امریکا جنگ چاہتا ہے تو ہم بھی تیار ہیں: چینی وزیر دفاع

بیجنگ (ویب ڈیسک) چین نے متنبہ کیا ہے کہ اگر امریکا جنگ کرنا چاہتا ہے تو ہم بھی بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے وزیر دفاع جنرل وئی فینگھے نے سنگاپور میں مباحثہ برائے عالمی سیکیورٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا مذاکرات کرنا چاہتا ہے تو ہمارے دروازے کھلے ہیں اور جنگ مسلط کرنے کا خواہاں ہے تو ہم اس کے لیے بھی تیار ہیں۔

قبل ازیں چین کی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکا چینی مصنوعات پر ٹیکسوں میں مسلسل اضافے کی غلطی کر کے اپنے لیے پریشانیاں کھڑی کر رہا ہے، اس عمل سے امریکی معیشت تباہ ہوجائے گی اور امریکا کے ہاتھ پچھتاوے کے سوا کچھ نہیں آئے گا۔

امریکا اور چین کے درمیان جاری معاشی محاذ آرائی سے خطے میں قیام امن کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں، جس کی سنگینی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ چین نے انٹرنیشنل سیکیورٹی ڈائیلاگ میں 2011 سے اب تک پہلی بار شرکت کی ہے۔

چین اور امریکا کے درمیان معاشی جنگ کا آغاز صدر ٹرمپ کے عہدہ سنبھالتے ہی ہوگیا تھا تاہم اس میں بتدریج شدت آتی گئی ہے یہاں تک کہ گزشتہ دو روز میں دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی اشیاء پر 360 ڈالر کے مزید ٹیکس عائد کردیئے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں