لندن (ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے چھٹے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست دے دی۔
انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 334 رنز بنائے۔
انگلش ٹیم کے جوروٹ اور جوز بٹلرکی سنچریاں بھی اپنی ٹیم کو فتح نہ دلا سکی، جوروٹ کی 107 رنز اور جوزبٹلر کی 103 رنزکی شاندار اننگزبھی رائیگاں گئی ۔
پاکستان کے 349رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 12 رنز پر انگلینڈ کو جیسن روئے کی وکٹ کی شکل میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا، وہ 8 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔
بیرسٹو اور جو روٹ نے دوسری وکٹ کے لئے 48 رنز بنائے لیکن 60 کے اسکور پر بیرسٹو 32 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کیچ دے بیھٹے۔
کپتان ایون مورگن زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 9 رنز بناکر محمد حفیظ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
بین اسٹوک بھی صرف 13 رنز بناکر شعیب ملک کا شکار ہوگئے۔
اس دوران جو روٹ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈ کپ 2019ء کی پہلی سنچری اسکور کی۔
ابھی روٹ کے اسکور میں صرف 7 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ شاداب خان کی گیند پر محمد حفیظ نے کیچ لے کر پویلین کی راہ دکھادی، روٹ اور بٹلر نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 130 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے وہاب ریاض نے 3کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا جبکہ شاداب خان اورمحمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں اور شعیب ملک اور محمد حفیظ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
انگلینڈ کو 349 رنز کا ہدف
اس سے قبل محمد حفیظ، بابر اعظم اور سرفراز احمد کی نصف سنچریوں کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لئے 349 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا اور 82 کے مجموعی اسکور پر اس کی پہلی وکٹ گری۔
اوپنرز فخر زمان 36 رنز بنا کر معین علی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔
اگلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین امام الحق تھے، جو معین علی کی گیند پر ووکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے 58 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔
بابر اعظم اور محمد حفیظ نے تیسری وکٹ کے لئے قیمتی 88 رنز جوڑے اور ٹیم کا اسکور 199 تک پہنچایا، بابر اعظم بھی معین علی کی گیند پر ووکس کو کیچ دے بیٹھے، وہ 63 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
محمد حفیظ اور کپتان سرفراز احمد نے مل کر 80 رنز بنائے، ٹیم کا اسکور 279 ہوا تو محمد حفیظ 62 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 84 رنز بناکر ووڈ کی گیند پر ووکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
آصف علی صرف 14 رنز بناسکے، وہ ووڈ کی گیند پر بیرسٹو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
کپتان سرفراز احمد نے 44 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 55 رنز بنائے۔
وہاب ریاض 4 اور شعیب ملک 8 رنز بناسکے،جبکہ حسن علی اور شاداب خان 10، 10 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اس طرح پاکستان ٹیم مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 348 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور ووکس نے تین، تین جبکہ ووڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں۔