17

شام: حمص میں شامی فوج کے اڈے پر اسرائیل کا فضائی حملہ، 3 اہلکار شہید

دمشق (مانیٹرنگ ڈیسک) شام کے صوبہ حمص میں التیفور فوجی اڈے پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں 3 شامی فوجی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

شام کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اتوار کو علی الصباح اسرائیل نے شام کے جنوبی علاقے القنطیرہ میں  متعدد فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ شامی میڈیا نے 3 اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’سانا‘‘ نے ایک فوجی عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل نے القنيطرة میں فوجی تنصیبات پر بمباری کی ہے۔ یہ علاقہ اسرائیل کے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں کے قریب واقع ہے۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ٹیوٹر پر ایک بیان میں شام میں متعدد فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی ہے اور کہا کہ حملے میں توپ خانے کی دو بیٹریاں، نگرانی اور انٹیلی جنس کی متعدد چوکیاں اور ایس اے ٹو طرز کا فضائی دفاعی نظام تباہ کر دیا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’اسرائیل کے خلاف ہر اقدام کا ذمے دار شام ہے اور اسے اس کا حساب دینا ہو گا۔‘‘ ادھر وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اسرائیل کی پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ’’ہم خود پر ہونے والی ہر جارحیت کا پوری طاقت سے جواب دیں گے۔‘‘

برطانیہ میں شامی اپوزیشن کے زیر انتظام جنگ اور انسانی حقوق کی مانیٹرنگ کے لئے قائم شامی آبزرویٹری نے بتایا کہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے ایرانی فوج اور لبنان کی حزب اللہ کا ایک اسلحہ ڈپو تباہ کیا۔ گزشتہ پانچ ہفتوں میں اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 6 شامی فوجی شہید اور 13 زخمی ہوگئے ہیں۔

https://twitter.com/WithinSyriaBlog/status/1135446969617440768?s=19

اسرائیلی حملہ شام سے گولان کی پہاڑیوں پر حملے کے چند گھنٹے بعد کیا گیا۔ تاہم اسرائیلی فوجی نے ہفتے کی شب رات گئے بیان میں بتایا کہ شامی حملے سے ہونے والے نقصان کی تفصیلات معلوم نہیں ہو سکیں۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ راکٹ باری سے خبردار کرنے کے لئے سائرن سنائی نہیں دیے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں