کرکٹ ورلڈ کپ: سری لنکا نے افغانستان کو 34 رنز سے شکست دیدی

کارڈف (ویب ڈیسک) ورلڈ کپ کے ساتویں میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو 34 رنز سے شکست دیدی۔

سری لنکا پہلے کھیلتے ہوئے 37 ویں اوور میں 201 رنز بناکرآؤٹ ہوئی، بارش کے باعث میچ کو 41 اوورز تک محدود کیا گیا تھا اور ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت افغانستان کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف ملا۔

187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 33 ویں اوور میں 152 رنز بناکر ڈھیر ہوئی۔

ٹاس جیت کر افغانستان نے بولنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکا کے اوپنرز سے اننگز کا برق رفتار آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 92 رنز بنائے۔

بہتر آغاز ملنے کے بعد دوسری وکٹ کی شراکت میں کوسل پریرا اور لہیرو تھریمانے نے 52 رنز کا اضافہ کیا۔

افغانستان کے خلاف بہتر آغاز ملنے کے باوجود سری لنکن مڈل آرڈر نے انتہائی ناقص بیٹنگ کا مظاہر کیا اور 15 رنز کے اضافے سے 5 وکٹیں گنوا دیں۔

144 رنز پر دوسری وکٹ گرنے کے بعد سری لنکن مڈل آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا اور ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی رہی۔ 144 سے 159 رنز کے درمیان 3 صرف اوورز میں سری لنکا نے 5 وکٹیں گنوائیں۔

بارش کی وجہ سے میچ کو 41 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا تاہم سری لنکن ٹیم 36.5 اوورز میں 201 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تاہم ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت افغانستان کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف ملا۔ کوسل پریرا 78 رنز بناکر نمایاں رہے۔

افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے 4، دولت زردارن اور راشد خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سری لنکا کے 187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم کا آغاز مایوس کن تھا اور ابتدائی 5 وکٹیں 57 کے مجوعی اسکور پر گرچکی تھیں۔

محمد شہزاد 7، رحمت شاہ 2، حضرت اللہ زازئی 30، حشمت اللہ شاہدی 4 اور محمد نبی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

چھٹی وکٹ کی شراکت میں گلبدین نائب اور نجیب اللہ نے 64 رنز بناکر مزاحمت کی کوشش کی لیکن وہ سری لنکا کی تباہ کن بولنگ کے باث ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

افغانستان کی پوری ٹیم 33 ویں اوور 152 رنز بناکر ڈھیر ہوئی اور اسے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 34 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

افغان ٹیم کے نجیب اللہ زادران 43 اور حضرت اللہ زازئی 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔ سری لنکا کی جانب سے پرادیپ نے 4 اور ملنگا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں