نئی دہلی (ڈیلی اردو) بھارتی فوج کا ٹرانسپورٹ طیارہ آسام میں گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں ایک ونگ کمانڈر، 4 فلائٹ لیفٹیننٹ، 1 سکواڈرن لیڈر سمیت 13 فوجی ہلاک ہوگئے، گزشتہ روز لاپتہ ہو جانے والے بھارتی فضائیہ کے طیارے کا پتہ چلا لیا گیا، طیارے آسام میں تباہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام افراد ہلاک ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کے لاپتہ ہونے والے جنگی طیارے کا ملبہ مل گیا ہے۔ جبکہ طیارے میں سوار ونگ کمانڈر سمیت تمام افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز آسام سے لاپتہ ہونے والے طیارے کا ملبہ ریسکیو آپریشن کے دوران تلاش کر لیا گیا۔ جبکہ بھارتی فضائیہ کے طیارے میں سوار تمام افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
بھارتی فضائیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک ونگ کمانڈر، 4 فلائٹ لیفٹیننٹ، ایک سکواڈرن لیڈر اور 7 ایئرمین شامل ہیں، طیارہ مکمل تباہ ہوچکا اور لاشوں کی شناخت کرنا ناممکن ہے۔ تاہم بھارتی حکام کی جانب سے حادثے کی وجوہات نہیں بتائیں گئیں۔ بتایا گیا ہے کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ بھارتی فضائیہ کا ایک طیارہ لاپتہ ہوگیا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے جنگی طیارے نے آسام کے شہر جرہٹ سے پرواز بھری تھی اور اس کی منزل ہمالیہ میں بھارت چین سرحد کا قریبی علاقہ تھا تاہم طیارے کا کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ اب طیارے کے تباہ ہو جانے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔