ملتان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، دہشت گردی کا منصوبہ ناکام، 3 دہشتگرد گرفتار

ملتان (ڈیلی اردو) سی ٹی ڈی نے ملتان میں کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، جو حساس مقامات کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے ملتان میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کھیڑا چوک میں کاروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد، تین عدد ہینڈ گرنیڈ اور چندے کی رسیدیں اور دیگر اہم دستاویزات برآمد کرلیں۔

گرفتار دہشت گردوں کی شناخت باسط، ناصر اور غلام حسین کے نام سے ظاہر کی گئی ہے جب کہ گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا جاتا ہے۔

سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار ہونے والے دہشتگرد حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

دہشتگردوں کو مزید تفتیش کے لیے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں