سرینگر (نیوز ڈیسک) مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں مصروف سڑک پر بھارتی فوج پر حملے میں 5 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کردیا جبکہ اس کے قبضے سے ایک رائفل بھی بر آمد کر لی گئی۔
سیکیورٹی فورسز کا کہنا تھا کہ تقریباً 2 موٹرسائیکل سوار حملہ آوروں نے پیٹرولنگ پر مامور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کو کے پی روڈ پر خود کار رائفل سے نشانہ بنایا اور پیٹرولنگ ٹیم پر دستی بم بھی پھینکا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ میں پولیس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ حملہ کرنے والوں کی تعداد دو تھی، ایک کو سکیورٹی فورسز کی جانب سے مار دیا گیا جبکہ دوسرے کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
مقامی خبر رساں ایجنسی، جی این ایس کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عسکری تنظیم ’العمر مجاہدین‘ نے سیکورٹی فورسز پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری طرف نیشنل کانفرنس کے لیڈر عمر عبد اللہ نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں سے تعزیت کرتے ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کر رہا ہوں۔