15

سعودی اتحادی افواج کا 5 حوثی ڈرون طیارے مار گرانے کا دعویٰ

ریاض (ویب ڈیسک) سعودی محکمہ دفاع نے حوثی باغیوں کی جانب سے سرحدی علاقوں خمیس اور ابھا کی طرف داخل ہونے والے پانچ ڈرون طیارے مار گرائے۔

عرب میڈیا کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کی رٹ بحالی میں سرگرم عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ سعودی ایئر ڈیفنس نے یمنی باغیوں کی جانب سے مملکت کے سرحدی علاقوں خمیس مشیط اور ابھا کی طرف بھیجے گئے پانچ ڈرون طیارے مار گرائے، اس کارروائی سے شہری علاقے بڑی تباہی سے بچالیے گئے ہیں۔

کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ ابھا کے ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے، پروازوں کی آمدورفت میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہوئی اور نہ ہی مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے سرحدی شہروں کو ڈرون طیاروں کی مدد سے نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کی مگر سعودی محکمہ دفاع نے فوری اور موثر کارروائی کرتے ہوئے حوثیوں کے پانچ ڈرون طیارے مار گرائے۔

کرنل المالکی نے کہا کہ حوثیوں کے انسان دشمن اقدامات کے خلاف سعودی عرب کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق جوابی کارروائی کا بھرپور حق حاصل ہے۔

یاد رہے کہ بدھ کے روز حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شہر ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر میزائل حملہ کیا جس کے نتیجے میں 26 مسافر زخمی ہوگئے تھے، زخمی ہونے والوں میں بھارتی، یمنی اور مقامی شہری اور تین خواتین شامل تھیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں