تہران + لندن + دبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے خلیجِ عْمان میں دوآئل ٹینکرز پر حملے کے امریکی الزام کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایرانی مندوب نے کہا کہ ایران 13 جون کو ہونے والے ٹینکر حملے بار امریکا کے بے بنیاد دعووں کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے اور اس امریکی اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے خلیجِ عْمان میں آئل ٹینکرز پربلا اشتعال حملوںکا الزام ایران پر عائد کیا تھا۔
اس سے قبل ایران کے ایک سینئیر اہلکار نے بتایا تھا کہ جمعرات کی صبح ہونے والے دھماکوں سے ایران کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
ادھربرطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے کہا ہے کہ خلیج عمان میں دو تیل ٹینکرز پر جو حملے ہوئے، ان کے حوالے سے برطانیہ امریکی موقف کی حمایت کرتا ہے۔
ہنٹ نے واضح کیا کہ لندن حکومت اس معاملے کا جائزہ لے رہی ہے اور اگر ان حملوں میں ایران ملوث ہوا، تو یہ خطے میں تناؤ اور کشیدگی میں شدت کی وجہ بننے والا ایک غیردانش مندانہ فعل ہو گا۔
علاوہ ازیں یو اے ای کے وزیر خارجہ انور قرقاش کا کہنا تھا کہ ’عمان میں ٹینکروں پر ہونے والا حملہ قابل فکر ہے اور اس سے کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔