نیروبی + موغاديشو (ڈیلی اردو) صومالیہ کی سرحد کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں کینیا کی پولیس کے 10 افسران ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ دھماکا صومالیہ سے متصل شمال مشرقی سرحدی علاقے میں پیش آیا جہاں پر کینیا کی پولیس سرحد پر گشت کررہی تھی۔
کینیا پولیس کے مطابق پولیس قافلے کو بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 10 افسران ہلاک ہوگئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیا میں صومالیہ کی سرحد کے نزدیک گشت پر مامور پولیس گاڑی کے نزدیک اچانک زوردار دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 10 پولیس افسران ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ دھماکا ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے اُس وقت کیا گیا جب پولیس افسران کی گاڑی سرحدی امور کی نگرانی کے لیے اس جگہ سے گزر رہی تھی۔ ہلاک و زخمیوں کو ملٹری اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
صومالیہ میں سرگرم دہشت گرد تنظیم الشباب نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک کینیا کی سیکیورٹی فورسز صومالیہ میں تعینات ہیں اس طرح کے حملے کیے جاتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ اس علاقے میں دہشت گرد تنظیم الشباب کافی متحرک ہے اور گزشتہ چند دنوں سے حملوں میں تیزی آئی ہے۔
پولیس نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے اور تلاشی کا عمل جاری ہے تاہم کسی قسم کی گرفتاری کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے