کراچی (ڈیلی اردو) صوبہ سندھ کے صوبائی دارالحکومت کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، اہلکار گھر سے ڈیوٹی سر انجام دینے کے لیے نکلے تھے۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کراچی کے علاقے اورنگی نمبر 4 میں پیش آیا۔ ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق دونوں ایس آر پی اہلکار مومن آباد میں تعینات تھے۔
پولیس کے مطابق اہلکاروں کو گھر سے ڈیوٹی پر آتے ہوئے نشانہ بنایا گیا، اہلکاروں کی شناخت سپاہی اللہ دتہ اور سپاہی احمد علی کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اہلکاروں پر نائن ایم ایم سے فائرنگ کی گئی، جائے وقوع سے نائن ایم ایم کے 4 خول ملے ہیں۔ دونوں اہلکاروں کو 2، 2 گولیاں ماری گئیں۔
پولیس کے مطابق بظاہر واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے، مقتولین کے سر اور چہرے پر گولیاں ماری گئیں۔
ایس ایس پی ویسٹ شوکت کھتیان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے نائن ایم ایم پستول سے نشانہ بنایا جبکہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے چار خول ملے ہیں۔ واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ویسٹ سے واقعے کی انکوائری رپورٹ طلب کرلی جب کہ کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے ایس ایس پی ویسٹ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ادھر دہشت گرد تنظیم ‘تحریکِ طالبان پاکستان’ سے الگ ہونے والے گروپ کالعدم تنظیم ‘جماعت الاحرار’ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کے ترجمان عزیز یوسف زئی نے بذریعہ انٹرنیٹ صحافیوں کو بھیجے جانے والے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملہ ان کی تنظیم کے ٹارگٹ کلرز نے کیا۔