قاہرہ (ڈیلی اردو) مصر کے سابق صدر محمد مرسی کمرہ عدالت میں انتقال کرگئے۔ اُن کی عمر 68 برس تھی۔
عرب میڈیا کے مطابق محمد مرسی قطر کے لئے جاسوسی کے الزام میں مقدمے کا سامنے کررہے تھے اور کیس کی سماعت کے موقع پر کمرہ عدالت موجود تھے، جیسے ہی کارروائی برخاست ہوئی وہ بے ہوش ہوکر گرپڑے۔
اُنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے ہی میں دم توڑ گئے۔
واضح رہے کہ اخوان المسلمین کے اہم رہنما محمد مرسی کی حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر عوامی مظاہوں کے بعد 2013 میں فوج نے ان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا اور تنظیم کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے محمد مرسی اور کئی رہنماؤں کو گرفتار کر لیا تھا۔
وہ مصر میں کئی دہائیوں تک حکمرانی کرنے والے حسنی مبارک کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد 2012 کے پہلے آزاد صدارتی انتخاب میں صدر منتخب ہوئے تھے اور معزولی کے بعد کئی کیسز میں سزا کاٹ رہے تھے۔