کابل + اسلام آباد (ڈیلی اردو ) مزار شریف میں پاکستانی قونصل خانے پر حملہ ناکام، خاتون دہشت گرد گرفتار، ہینڈ گرنیڈ برآمد
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان قونصلیٹ مزار شریف میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے، پولیس نے بیگ میں ہینڈ گرینیڈ لے جانے والی افغان خاتون کو گرفتار کرلیا۔ بعد ازاں پاکستانی حکام نے خاتون دہشت گرد کو افغان سیکیورٹی فورسز کے حوالے کر دیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی قونصلیٹ مزار شریف عارضی طور پر بند کردیا گیا جبکہ افغان حکام سے پاکستانی سفارت خانے کی فول پروف سیکیورٹی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ خاتون سے تحقیقات پاکستانی سفارت خانے سے شیئر کی جائیں، فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی تک مزار شریف قونصل خانہ بند رہے گا۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ مزار شریف قونصل خانہ کی جانب سے ویزا دینے کا عمل روک دیا گیا ہے، افغان حکام کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کی مکمل یقین دہانی تک قونصل خانہ بند رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 30 اگست 2018 میں افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے نے سیکیورٹی انتظامات پر مداخلت پر جلال آباد کا قونصل خانہ عارضی طور پر بند کردیا گیا تھا۔
بعدازاں 8 اکتوبر 2018 کو افغان حکام کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کے بعد پاکستان نے جلال آباد میں قائم اپنا سفارت خانہ کھول دیا تھا۔