16

ایران کیساتھ کشیدگی: امریکہ کا مزید ایک ہزار فوجی مشرق وسطیٰ تعینات کرنے کا اعلان

واشنگٹن (ڈیلی اردو/ نیوز ایجنسیاں) امریکی وزارتِ دفاع پینٹاگون نے ایک بیان میں مزید 1000 فوجیوں کو مشرق وسطیٰ میں تعینات کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

عرب ٹی وی کے مطابق امریکی نائب وزیردفاع پیٹرک شاناھن نے ایک بیان میں کہا سینٹرل کمانڈ کی درخواست پرعمل درآمد کرتے ہوئے مزید ایک ہزار فوجیوں کو مشرق وسطیٰ میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ خطے میں فضائی، بری اور بحری خطرات سے نمٹنے میں مدد لی جاسکے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران کی طرف سے حالیہ ایام میں ہونے والے حملوں کے شواہد بتاتے ہیں کہ تہران معاندانہ روش پرعمل پیرا ہے۔ خطے میں امریکا اور اس کے مفادات کو ایرانی فوج اور اس کے حمایت یافتہ عناصر سے خطرات لاحق ہیں۔

جنرل پیٹرک کا کہنا تھا ان کا ملک ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا۔ ہمارا پہلا مقصد خطے میں امریکی مفادات اور وہاں پرکام کرنے والے امریکی شہریوں کی جان ومال کا تحفظ ہے۔ ہم خطے میں اپنے مفادات اور شہریوں کے تحفظ کے پیش نظر انٹیلی جنس اداروں کی مصدقہ معلومات کی روشنی میں سیکیورٹی پلان تیار کرتے ہیں۔

قبل ازیں دو امریکی عہدیداروں نے رائیٹرز سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ امریکا مشرق وسطیٰ میں مزید فوج بھیجنے کی تیاری کررہا ہے تاکہ خطے میں ایران کی طرف سے درپیش خطرات کا تدارک کیا جا سکے۔ دوسری جانب امریکی فیصلے کو چین‘ فرانس‘ جرمنی‘ یورپی یونین‘ روس اور برطانیہ سمیت کئی ممالک نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں