ملتان (ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے ضلع ملتان میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد داعش کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے ملتان میں کارروائی کرتے ہوئے عالمی دہشت گرد تنظیم کے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ اہلکار جب کارروائی کیلئے پہنچے تو دہشتگردوں نے ان پر فائرنگ کردی جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔
مقابلے کے بعد دونوں ملزم مردہ پائے گئے جبکہ دہشتگردوں کے 3 ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی شناخت رضوان عرف ڈاکٹر اورعمران عرف ساقی کے نام سے ہوئی۔ جن کا تعلق کالعدم تنظیم داعش سے بتایا جا رہا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے خفیہ ایجنسیوں کے تین افسران کو شہید کیا تھا اور انہوں نے 3 سرکاری افسروں اور ایک امریکی شہری کو بھی اغوا کیا تھا۔ مقابلے میں مارے جانے والے دہشتگردوں نے سمندری میں سکیورٹی گارڈز کو قتل کرکے کیش وین لوٹی تھی، دونوں ملزمان حساس اداروں کے افسران پر حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، دہشت گردوں 9 عدد ہینڈ گرنیڈ، 2 عدد پشتول، نقشے اور دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے والی رقم بھی برآمد ہوئی ہے۔