سبی (سید طاہر علی) حیدرآباد میں پٹھان گوٹھ کے قریب دو ٹرینوں میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 4 مسافر جاں بحق ہوگئے ہیں جب کہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
کراچی سے راولپنڈی جانے والی جناح ایکسپریس حیدر آباد میں پٹھان گوٹھ کے قریب پنجاب سے آنے والی مال بردار ٹرین سے ٹکراگئی، تصادم کے باعث بعض بوگیاں پٹری سے اتر گئی ہیں جس میں مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔ حادثے میں دونوں ٹرینوں کے انجن تباہ ہوگئے ہیں۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ٹرینوں کی آمد ورفت معطل کردی گئی جب کہ حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے، ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ادھر رینجرز کی ٹیموں نے بھی امدادی کام کا آغاز کردیا ہے۔ اس موقع پر رینجرز اہکاروں کی فوری ریسکیو آپریشن مکمل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔جبکہ زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا جارہا ہے۔