اسلام آباد (ڈیلی اردو) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ شہباز شریف کے 8 سالہ دور حکومت میں 2176 لوگ جعلی پولیس مقابلوں میں بھون ڈالے گئے یہ خون کے دھبے آسانی سے نہیں دھلیں گے۔ پہلی بار مسلم لیگ ن نے لفافہ جرنلزم متعارف کرائی، وفاداریاں خریدنے کیلئے لاہور میں پلاٹوں کی بندر بانٹ کی گئی۔ شفقت محمود نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں بجٹ بحث میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپوزیشن کی دھواں دھار تقاریر سن رہے ہیں، شہباز شریف نے خورشید شاہ کا ریکارڈ توڑنے کی کوشش کی اور 4 گھنٹے تقریر کی جس میں بجٹ پر کم بولا گیا اور الزامات زیادہ لگائے گئے۔ لیکن شہباز شریف بھول جاتے ہیں کہ انہوںنے 30 سال حکومت کی ہے یہ جو وراثت چھوڑ گئے ہیں اس پر بات نہیں کرتے جن پر سنگین الزامات ہیں ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کراتے اخلاقی قدریں گر رہی ہیں۔
خدا کا خوف کریں فاشزم ہم پھیلا رہے ہیں یہ انہوںنے پھیلائی ہے شہباز شریف کے دور حکومت میں روز پنجاب میں ماورائے عدالت قتل ہوتے تھے۔ 2011 میں 216 اور 2012 میں397 جبکہ 2013 میں 356 اور 2014 میں 283 افراد کو پولیس مقابلوں میں بھون دیا گیا۔
2015 میں 391 اور 2016 میں291 اسی طڑح 2017 میں 239 اور 2018 میں 100 افراد کو جعلی پولیس مقابلوں میں مروا دیا گیا۔ شہباز شریف نے 2176 افراد کو ان پولیس مقابلوں میں مروا دیا۔ یہ خون کے دھبے ہیں آسانی سے نہ دھلیں گے، یہ فاشزم ہے جو آپ نے کی آپ کی جماعت نے پہلی مرتبہ سپریم کورٹ پر حملہ کیا۔ پاکستان کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا، آپ کے چہیتے سیف الرحمان جج کو فون کرتا ہے کہ بے نظیر بھٹو کو سزا دی جائے یہ فاشزم ہے اپنے گریبان میں آپ جھانکیں کہ فاشزم کس نے کی ہے۔
چھانگا مانگا کی سیاست کیا آپ بھول گئے ہیں جہاں ایم این ایز اور ایم پی ایز کو بند کرکے خرید و فروخت کی جاتی تھی۔ خرید وفروخت کا سلسلہ مسلم لیگ ن نے شروع کیا۔ آپ ایل ڈی اے کا ریکارڈ دیکھیں لاہور کو انہوںنے برباد کردیا ہے۔ وفا داریاں خریدنے کے لیےپلاٹوںکی بندر بانٹ کی گئی ہسپتالوں اور مساجد کے پلاٹس انہوںنے الاٹ کردیے۔
انہوں نےلفافہ جرنلزم متعارف کرائی۔ ایک ٹی وی چینل جس کو یہ اپنے خلاف سمجھتے تھے تو اس کو پانچ سالوں میں ایک کروڑ 37 لاکھ کے اور ایک چینل جس کو اپنے حق میں سمجھتے تھے اس کو پانچ سالوں میں 80 کروڑ کے اشتہارات دیے۔ انہوںنے سرکاری وسائل کو اپنی سیاست کے لیے استعمال کیا، میڈیا کو آلودہ کیا فیورٹ چینلز کو کروڑوں کے اشتہارات دیے۔ 362 اخبارات کو پیسے دیے گئے،
ایک اخبار جس کا نام روزنامہ غریب ہے اس کو اڑھائی کروڑ کے اشتہارات دیے گئے۔ ڈیلی لیڈر کو 4 کروڑ کے اشتہارات دیے گئے، جناب سپیکر میں آپ کو یہ فہرست فراہم کردوں گا۔ روزنامہ حیرت کو اڑھائی کروڑ کے اشتہارات دیے گئے۔
5 ارب روپے اشتہارات ڈمی اخبارات کو دیے گئے۔ ڈمی اخبارات کے ذریعے صحافیوں کو کرپٹ کرنے کی کوشش کی گئی، شعبہ صحت کی یہ حالت ہے ان کو مچھر بھی کاٹے تو علاج کےلیے لندن جاتے ہیں اڑھائی کروڑ بچہ سکول نہیں جارہا ایک ہی ملک میں تین طرح کے نظام تعلیم ہے، مدرسہ، سرکاری سکول اور ایلٹس سکول چل رہے ہیں ہماری حکومت یکساں نظام تعلیم لائے گی، شہباز شریف بیمار ہے لیکن 4 گھنٹے تقریر کر سکتا ہے پروڈکشن آرڈر کےلیے پارلیمنٹ کو ڈھال نہ بنایا جائے، ہم بہتری لائیں گے۔