19

ایران کا امریکی ڈرون کو سہولت فراہم کرنے پر متحدہ عرب امارات سے شدید احتجاج

تہران (نیوز ڈیسک) ایران نے امریکی جاسوس ڈرون کو سہولت فراہم کرنے پر متحدہ عرب امارات سے شدید احتجاج کیا ہے۔

ایرانی دفتر خارجہ کے مطابق تہران میں متحدہ عرب امارات کے قائم مقام سفیر کو طلب کیا گیا، جہاں شعبہ امور خلیج فارس نے اماراتی قائم مقام سفیر سے ملاقات کی،اور امریکی ڈرون کی خلاف ورزی سے متعلق باضابطہ طور پر احتجاجی مراسلہ پیش کیا۔

مراسلے میں کہا گیا  کہ ایران اپنی فضائی، زمینی اور سمندری حدود کی دراندازی برداشت نہیں کرے گا، ساتھ ہی دراندازی کے لئے سہولت فراہم کرنے والے ممالک کو بھی نظر انداز نہیں کرے گا۔ 

20 جون کو امارات کی سرزمین سے پرواز کرنے والے امریکی ڈرون کو ایران نے مار گرایا تھا۔

ایرانی وزیرخارجہ کے معاون خصوصی برائے امریکی امور محسن بہاورند نے امریکی مفادات کی دیکھ بھال کرنے والے سوئٹزرلینڈ کے سفیر کو طلب کرکے ڈرون کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں