خلیج میں اسٹریٹجک اتحادیوں کا تحفظ یقینی بنائینگے: امریکی وزیر خارجہ

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ خلیج میں اپنے اسٹریٹجک اتحادیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

مائیک پومپیو نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایران کو کسی شرط کے بغیرایک بار پھر مذاکرات کی پیش کش بھی کر دی، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران پر اقتصادی پابندیوں میں اضافہ کیا جائے گا۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دورے پر روانہ ہو گئے۔

روانگی سے پہلے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا خلیج میں ایران کے حریف ملکوں اور اپنے اسٹریٹجک اتحادیوں سے منسلک رہے گا اور اُن کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔

مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کے لیے امریکا ایران کے ساتھ کسی پیشگی شرط کے بغیر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر اقتصادی پابندیوں میں اضافے کا اعلان کر رکھا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں